ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد لندن میں انتقال کرگئے

کینسر میں مبتلا،3 ماہ سےاسپتال میں داخل تھے،بیوہ،پانچ بیٹیاں سوگوار چھوڑیں

ویب ڈیسک

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی مومنٹ کے بانی رکن اور سابق وائس چیئرمین سید سلیم الحق عرف سلیم شہزاد اتوار کو لندن میں انتقال کر گئے۔سلیم شہزاد گزشتہ تین ماہ سے ایسٹ لندن کے اسپتال میں زیرعلاج تھے، وہ معدے اور جگر کے کینسر میں مبتلا تھے،سلیم شہزاد کے اہلخانہ کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین دو روز بعد لندن میں ہی کی جائے گی، سلیم شہزاد نے بیوہ اور پانچ بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے، ایم کیوایم پاکستان کے رہنماﺅں نے سلیم شہزاد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیاہے۔35 سال قبل ایم کیو ایم کی بنیاد رکھنے والے رہنماؤں میں سلیم شہزاد بھی شامل تھے ۔ انہوں نے 1992 میں کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف ہونے والے آپریشن کے بعد جلاوطنی اختیار کر لی تھی۔سلیم شہزاد 6 فروری 2017 کو طویل جلاوطنی ختم کرکے جب کراچی پہنچے تو انہیں ایئرپورٹ پر ہی گرفتار کر لیا گیا تھا کیونکہ ان کے خلاف مجموعی طور پر 23 مقدمات درج تھے۔سلیم شہزاد نے عدالت میں پیشیوں کے دوران نئی پارٹی بنانے کا اعلان بھی کیا تھا۔2 جون 2017 کو کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے سلیم شہزاد کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کیے اور 21 جون 2017 کوعدالت کی اجازت سے وہ لندن گئے تھے جہاں ان کا علاج جاری تھا۔واضح رہے کہ سلیم شہزاد زمانہ طالب علمی میں اے پی ایم ایس او کا حصہ بنے۔ وہ 1988 اور 1990 میں ممبر قومی اسمبلی بنے۔سلیم شہزاد کو 2013 میں پارٹی کی رابطہ کمیٹی لندن سے نکال دیا گیا تھا بعد ازاں ان کی پارٹی رکنیت بھی ختم کردی گئی تھی۔ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر خالدمقبول صدیقی،ڈاکٹرفاروق ستار، کنورنوید جمیل سمیت رابطہ کمیٹی کے ارکان اور دیگررہنماوں نے سلیم شہزاد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سلیم شہزاد تحریک کے سینئر ساتھی تھے ۔مہاجروں اور مظلوموں کیلئے انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.