درجہ حرارت بے قابو، کراچی میں پاکستانی تاریخ کا گرم ترین دن، نمی کا تناسب خطرناک حد تک کم

درجہ حرارت 14 اپریل1947کے بعد کراچی میں پہلی بار 44 سینٹی گریڈ کا ہندسہ چھوگیا

شہر قائد میں پاکستان کی تاریخ کی ریکارڈ توڑ گرمی، آج اتوار سے پارہ گرنے کا امکان، ہیٹ ویو ٹوٹ سکتی ہے ، محکمہ موسمیات

کراچی سمیت پاکستان بھرکے شہروں میں تیز ہوائوں کی وجہ سے ہوا میں نمی کا تناسب خطرناک حد تک کم ہوگیا

ہونٹ پھٹنے، ناک سے خون بہنے، سانس رکنے، جلد خشک ہونے اور مختلف چیزوں کو ہاتھ لگانے سے کرنٹ لگنے جیسے مسائل درپیش

شخصیات ویب نیوز
ہفتہ 19 شعبان 1442ھ 3 اپریل 2021
رپورٹ : سلیم آذر

کراچی میں ہفتے کے روزدرجہ حرارت ریکارڈ توڑ مقام پر پہنچ گیا۔ پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ کا ہندسہ چھو گیا آخری بار 14 اپریل 1947 کو کراچی میں درجہ حرارت نے44 ڈگری سینٹی کو چھوا تھا
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز کراچی میں نمی کا تناسب 5 فیصد تھا اس وجہ سے محکمہ موسمیات نے لوگوں سے صبح 11 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان سفر نہ کرنے کی اپیل کی
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج اتوار کے بعد پارہ گرنے کا امکان ہے اور ہیٹ ویو ٹوٹ سکتی ہے کیونکہ پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے

محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ پیر کے بعد سے درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوسکتی ہے کیونکہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ جائے۔ گا
ماہرین کے مطابق پاکستان بھرکے مختلف شہروں میں تیز ہوہوائوں کی وجہ سے ہوا میں نمی کا تناسب خطرناک حد تک انتہائی کم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ہونٹ پھٹنے، ناک سے خون بہنے، سانس رکنے، جلد خشک ہونے اور مختلف چیزوں کو ہاتھ لگانے سے اسٹیٹک چارج یاکرنٹ لگنے جیسے مسائل کی شکایت عام ہیں۔
ان مسائل سے بچنے کے لئے پانی زیادہ سے زیادہ پئیں، ہونٹوں اورزبان پر زیتون کا تیل و لیموں لگائیں اور ناک میں ویسلین کا استعمال کریں۔
گھر اورفاتر کی فضا میں نمی کا تناسب بڑھانے کے لیے ہیومڈیفائر کا استعمال کریں یا پانی کا بھرا ہوا برتن رکھیں۔ اپنا اور اپنوں کا خیال رکھیں۔
واضح رہے کہ پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے گزشتہ منگل کوملک بھر میں سیزن کی پہلی ہیٹ ویو کے حوالے سے انتباہ جاری کیا تھا ، توقع تھی ہفتے کے دوران ملک کے بہت سے حصوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا
ترجمان پی ایم ڈی کے مطابق ، ہفتے کے دوران بنیادی طور پر گرم اور خشک موسم کی توقع کی گئی تھی جس کی وجہ سے ملک کے بیشترعلاقوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی کے ہیٹ ویو انتباہ کے بعد ، حکومت سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ جانی نقصان سے بچنے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے کراچی میں ہیٹ ویو کی ایڈوائزری جاری کی جس کے مطابق شہرِ قائد میں آج بھی شدت کی گرمی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں شمال مشرقی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 5 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شہری آج شام 4 بجے تک دھوپ سے بچنے کی حتی الامکان کوشش کریں، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انتہائی ضرورت کے تحت گھروں سے نکلتے وقت پانی اور گیلا کپڑا ساتھ رکھیں، وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں، سر اور چہرے کو ڈھک کر رکھیں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.