سندھ ،20ربیع الاول تک دفعہ 144 نافذ،10روزکیلئے ڈبل سواری پرپابندی

اسلحے کی نمائش،جلسےجلوس،اشتعال انگیزتقاریر،لٹریچرکی تقسیم پربھی سخت کارروائی ہوگی،نوٹیفکیشن جاری

سندھ بھر میں یکم سے20 ربیع الاول تک دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے دس روز کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد کردی گئی،جس کانوٹیفیکشن بھی جاری کردیاگیاہے۔نوٹیفیکیشن کےمطابق پابندی کےدوران اسلحے کی نمائش،جلسےجلوس اورریلی نہیں نکالی جاسکے گی،گاڑیوں کےکالےشیشے،فینسی نمبرپلیٹ اورپولیس ایمبولنس سائرن اور ہوٹرپربھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔علاوہ ازیں اشتعال انگیزتقاریرکرنے اورلٹریچرکی تقسیم پربھی سخت کارروائی کی جائے گی۔دریں اثناپاکستان رینجرزسندھ میں ایک اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ڈی جی رینجرزمیجرجنرل محمد سعید کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی/ اسپیشل برانچ،پولیس ،رینجرزاورحساس اداروں کے اعلیٰ افسران نےشرکت کی۔اجلاس کےدوران امن وامان کی مجموعی صورتحال بالخصوص چپ تعزیہ کے جلوسوں،12 ربیع الاول اوردفاعی نمائش IDEAS-2018 کےحوالےسے سیکیورٹی پلان کاجائزہ لیاگیاتاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگردی سےموثر اندازمیں نمٹا جاسکے۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ چپ تعزیہ کے جلوسوں،12 ربیع الاول کے موقع پرمنعقد کی جانے والی محافل اورجلوسوں کے ساتھ ساتھ حساس مقامات کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائےگا۔اجلاس میں اس بات پربھی زور دیا گیاکہ صوبائی حکومت کی طرف سےدیئےگئےاحکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اورضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہرممکن طورپریقینی بنایا جائےگا۔اس موقع پرعوام سے اپیل کی گئی کہ دہشتگردی کی روک تھام کےلیےقانون نافذ کرنے والے اداروں کاساتھ دیں اورمشکوک سرگرمیوں میں ملوث عناصرکی اطلاع فوری طورپررینجرزہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پرکال یاایس ایم ایس کےذریعےدیں۔علاوہ ازیں آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام نے سینٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطح کےاجلاس کی صدارت کی۔انہوں نےہدایت کی کہ صوبے بھر میں جشن عیدمیلادالنبی کے موقع پر سیکیورٹی کےمجموعی اقدامات رینجرزسندھ اور قانون نافذ کرنیوالےدیگر اداروں سے مربوط رابطوں کےتحت باہمی اشتراک اورایک علیحدہ سےتیارکردہ پلان کےمطابق یقینی بنایاجائے۔آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام کاکہنا تھاکہ 12ربیع الاول کے مرکزی جلوس اوردیگرتمام چھوٹےبڑے جلوسوں کی گذرگاہوں/اجتماع گاہوں پرانتہائی فول پروف سیکیورٹی اقدامات کے پیش نظرصوبائی سطح پرتمام مکتبہ فکرکےعلماءودیگر مذہبی قائدین کے ساتھ شیڈول اجلاس ترتیب دیئے جائیں تاکہ ممکنہ فلیش پوائنٹس پرانکی تجاویزاورمشاورت سےتمام ترحفاظتی اقدامات کویقینی بنایاجاسکے۔انہوں نے کہا کہ روٹس اور اجتماع گاہوں پر ڈبل سیلنگ سیکیورٹی لائحہ عمل اختیارکیاجائےجبکہ منتخب کردہ بلند عمارتوں پرروف ٹاپ ڈپلائمنٹ اوراسنائپرز کی تعیناتی کےلیئےبھی ہرممکن اقدامات اٹھائےجائیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.