منی لانڈرنگ کیس,زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع

بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت،آصف زرداری اورفریال تالپورعدالت میں پیش، جبکہ انورمجید،عبدالغنی مجید،حسین لوائی اورطحہ رضا کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا

ایف آئی اے نے اسلم مسعود کو پیش نہ کرنے کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی،یب پراسیکیوٹرنے کیس اسلام آباد منتقل کرنے کے حق میں موقف اختیارکیا کہ چیئرمین نیب نے کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست پردستخط کر دیئے ہیں اس لئے ملزمان کی ضمانتوں کی درخواستیں نہ سنی جائیں

بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اورانکی ہمشیرہ فریال تالپورکی ضمانت میں 5مارچ تک توسیع کردی جبکہ انور مجید اور اے جی مجید کی درخواستِ ضمانت کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی گئی۔جمعرات کوکراچی کی بینکنک کورٹ میں سندھ منی لانڈرنگ میگا کیس کی سماعت ہوئی۔آصف زرداری اورفریال تالپور عدالت پہنچے جب کہ گرفتارملزمان انورمجید،عبدالغنی مجید،حسین لوائی اورطحہ رضا کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔اس کے علاوہ انور مجید کے 3 بیٹے نمر مجید،ذوالقرنین اورعلی مجید کمرہ عدالت میں موجود تھے۔پیشی کے دوران ایف آئی اے نے انٹرپول کی مدد سے گرفتار کئے گئے ملزم اسلم مسعود کو پیش نہ کرنے کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی،ایف آئی اے پراسیکیوٹرنے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے اسلم مسعود کو پیش نہ کرنے کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔نیب پراسیکیوٹرنے کیس اسلام آباد منتقل کرنے کے حق میں موقف اختیارکیا کہ چیئرمین نیب نے کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست پردستخط کر دیئے ہیں۔اس لئے ملزمان کی ضمانتوں کی درخواستیں نہ سنی جائیں۔ایف آئی اے کے پراسیکیوٹرنے عدالت کے روبرو موقف اختیارکیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ لیاجائے،جسکے مطابق ملزمان کی ضمانتیں سننے کی گنجائش نہیں رہتی۔عدالت نے ایف آئی اے کے پراسیکیوٹرسے استفسارکیا کہ کل کیا ہوا ؟۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے موقف اختیارکیا کہ ہائیکورٹ ملزمان کی ضمانت کی درخواست پرسماعت 16 فروری کورکھی گئی ہے جب کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب)نے کیس نیب منتقل کرنیکی درخواست پرسائن کردیئے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ نے ضمانت کی درخواست نہیں سنی تو ہم کیسے سن سکتے ہیں۔انورمجید کے وکیل منیربھٹی ایڈووکیٹ نے موقف اختیارکیا کہ عبوری چالان کے بعد فائنل چالان تاحال نہیں پیش کیاجاسکا۔اگرکل مقدمہ منتقل کرنے کی درخواست دائرہوتی ہے تواس پربھی نوٹس جاری ہوں گے۔منیربھٹی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزمان کو فائنل چالان کے بغیر کیسے غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے۔سپریم کورٹ نے کہیں سماعت سے نہیں روکا ہے۔عبد الغنی مجید کی سرجری ہونی ہے لیکن انہیں سرجری کیلئے نہیں بھیجاجارہا۔عدالت نے وکیل سے استفسارکیا کہ جب پہلے بھیجتے رہے تو سرجری کیوں نہیں کی گئی۔ایف اے پراسیکیوٹر نے ڈاکٹرسے مکالمہ کرتے ہوئے استفسارکیا کہ سرجری کیوں نہیں کی کس نے منع کیا تھا عدالت کو بتائیں۔عبدالغنی مجید کے ڈاکٹر نے کہا کہ انہیں سرجری کی ضرورت ہے اس سے پہلے ان کا کنزرویٹو ٹریٹمنٹ ہورہا تھا جو فیل ہوگیاہے۔عدالت نے عبدالغنی مجید کو میڈیکل ٹریٹمنٹ فراہم کرنے کا حکم دے دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگرہائیکورٹ درخواست ضمانت سنے گی تو ہم بھی سنیں گے۔ایف آئی اے پراسیکیوٹرنے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کی درخواست ضمانت سننے کا کوئی جواز نہیں ہے۔آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ایف آئی اے کی ذمہ داری ہے فائنل چالان پیش کرے۔تفتیشی افسرنے عدالت کو آگاہ کیا کہ کیس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔جے آئی ٹی نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے جب کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پرکیس کا ریکارڈ نیب کو منتقل کررہے ہیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.