مہدی حسن خان صاحب، دنیائےموسیقی کے عظیم فنکار کی داستان ِ حیات

مہدی حسن خان صاحب، دنیائےموسیقی کے عظیم فنکار کی داستان ِ حیات

مہدی حسن، دنیائے موسیقی کے عظیم فنکار کی داستان ِ حیات
مہدی حسن اس عظیم فنکار کا نام ہے جنہیں ان کی گائیکی کی عظمت کے حوالے سے دنیا ”خان صاحب“ کے نام سے پکارتی ہے
مہدی حسن جیسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، ان کے انتقال نے موسیقی کی دنیا اور ان کے مداحوں میں گہری سوگواری پھیلا دی مگر ان کی آواز کے سحر کا جشن رہتی دنیا تک برقرار رہے گا۔

مہدی حسن خان صاحب (18 جولائی1927 تا 13 جون 2012
13 جون کو مہدی حسن کی برسی کے حوالے سے
موسیقی کی دنیا کے عظیم فنکار کی داستان ِ حیات
ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم
مشی گن ،ڈیٹرائیٹ ، امریکا میں مقیم پاکستان کی نامور قلم کار
گوہر تاج
کی سلسلہ وار پراثر اور منفرد تحریر

ابتدائی دور:۔ قریباً سات دہائی سے بھی قبل کا ذکر ہے کہ را جستھان (بھارت) کے نامور گوّیوں کے گھرانے کا چھ سالہ کم سن بچہ جو اپنے… استاد عظیم خاں کا منہ چڑھا تھا بڑے زعم میں اپنے باپ سے مخاطب ہوا۔” اجی آپ کیا گاتے ہیں میں بھی گا سکتا ہوں… میں ایک ” خیال“ بنا کر لایا ہوں۔“( موسیقی کی ایک قسم)پوچھنے پہ اس بچے نے ” پوربی زبان“میں اپنا تین تال پہ بنایا ہوا خیال سنایا۔
تو جارے بگلا جا
آوت ہے بڈھا تیرا
اڑا وٹ ہے بگلا
اس کا الاپا راگ سن کر کلاسیکی موسیقی کے استاد باپ نے بلاتاخیر اسی دن سے اولاد کو اپنی شاگردی میں لے کر باقاعدہ موسیقی کی تعلیم دینا شروع کر دی۔
اپنے والد استاد عظیم خاں اور چچا اسماعیل خاں کی زیرِ تربیت ” قدرتی طور پر سُروں کی بیش بہا دولت سے مالا مال” یہ بچہ مُسلسل ریاض سے ایک دن اپنے کمال کو پہنچا اور موسیقی کی دنیا میں گائیکی (بالخصوص غزل کا) ” بے تاج شہنشاہ “ قرار پایا۔
اس عظیم فنکار کا نام ”مہدی حسن“ ہے۔جنہیں ان کی گائیکی کی عظمت کے حوالے سے دنیا”خان صاحب“ کے نام سے پکارتی ہے۔ان کی نیم کلاسیکی راگوں میں گُندھی غزلوں کی گائیکی کا انداز سب سے منفرد ہے۔جو انہیں اپنے دور کے تمام فنکاروں سے جدا کرتا ہے۔ ان کی فنی مہارت کی مثال دشتِ غزل میں چابکدستی سے چوکڑیاں بھرنے والے اس غزال کی سی ہے جس کے پیش ر و تو بہت سے ہیں مگر ہم سر کوئی نہیں۔ان کی گائیکی کم از کم پچاس برسوں سے موسیقی کی دنیا میں راج کر رہی ہے۔ ان کے انتقال کی خبر نے موسیقی کی دنیا میں گہری سوگواری پھیلا دی مگر ان کی آواز کے سحر کا جشن رہتی دنیا تک برقرار رہے گا۔بلاشبہ مہدی حسن جیسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
مہدی حسن کی پیدائش راجستھان (بھارت) کی ریاست منڈاوا (جے پور) کے ایک چھوٹے سے گا¶ں لونا میں 18 جولائی 1927ءمیں ہوئی۔ان کا تعلق منڈاوا (موجودہ جے پور) کے مہاراجہ کے دربار میں سے وابستہ خاص گوّیوں سے تھا اور ان کی دادا پرداد ” خاندانی کلاوت“ (کلا کا مطلب فن ہے اور وت استاد کو کہتے ہیں۔) جو مہاراجوں کے گھرانوں کو موسیقی کی تعلیم دیا کرتے رہے تھے اور دھرپد گائیکی (جو ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی قدیم ترین صفت کہی جاتی ہے) کے ماہر سمجھے جاتے تھے۔ مہدی حسن صاحب اسی کلادت گھرانے کی سولہویں پیڑھی ہیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.