پوری دنیا میں اعلان، کشمیر بنے گا پاکستان,بھارت کیخلاف ریلیاں،مظاہرے

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی,اسلام آباد ڈی چوک میں 1 منٹ کی خاموشی، کوہالہ پل ودیگر مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں ، بچوں کا سہیلی سرکار پل سے آزادی چوک تک مارچ، فاروق حیدر نے یواین دفتر مذمتی قرار داد جمع کرائی

لاہور میں یکجہتی کشمیر ریلی و کانفرنس، بھارت کیخلاف نعرے،کراچی میں شہدا کو خراج عقیدت کیلئے سائرن بجائے گئے،لندن ،ٹوکیومیں مظاہرے، کابل میں افغان خواتین کی ریلی،اوٹاوامیں بھی تقریب

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں اوربھارت کے خلاف مظاہرے کئے گئے جن میں ’’پوری دنیا میں اعلان، کشمیر بنے گا پاکستان‘‘کے نعرے لگائے گئے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر پیپلزپارٹی،متحدہ قومی موومنٹ ،تحریک انصاف ، مسلم لیگ ن، مسلم لیگ ق،جماعت اسلامی،جمعیت علما اسلام ، جمعیت علما پاکستان سمیت مختلف سیاسی دینی اورمذہبی جماعتوں کی جانب سے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیےملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اورسیمینار کانفرنسیں منعقد کی گئیں جس میں مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم، خواتین کی بے حرمتی، نوجوانوں کو لاپتہ کر کے مارے جانے جیسے افسوس ناک واقعات کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا گیا۔ اسلام آباد ڈی چوک میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مرکزی تقریب ہوئی،جس میں وفاقی وزیر امور کشمیر، وزیر سیاحت و ہائیرایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفرازاور دیگر نے شرکت کی اورصبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، پاکستان اور کشمیر کو ملانے والے مظفر آباد کے کوہالا پل سمیت مختلف مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، بچوں نے سہیلی سرکار پل سے آزادی چوک تک مارچ بھی کیا،وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ارکان اسمبلی کے ہمراہ اقوام متحدہ کے دفتر میں مذمتی قرارداد جمع کرائی،میر پور آزاد کشمیر میں لوگوں کی بڑی تعداد نے منگلا پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی ، لاہور میں تحریک آزادی جموں کشمیر کے زیر اہتمام استنبول چوک سے اسمبلی ہال تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی،حافظ محمد سعید، لیاقت بلوچ ، محمد یعقوب شیخ و دیگر قائدین کی قیادت میں ریلی کی ہال روڈ آمد پر ان کا بھرپور استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، ملی لیبر فیڈریشن کی طرح لیسکو پیغام یونین،ریلوے لیبر یونین اورملی رکشہ یونین کے رہنمائوں نے مزدوروں کی ریلیوں کے ہمراہ شرکت کی، دختران ملت کی چیئرمین سیدہ آسیہ انداربی کو خراج تحسین پیش کر نے کے لئے ترانہ سنایا گیا،یکجہتی کشمیر ریلی و کانفرنس میں المحمدیہ سپیشل پرسن کے تحت گونگے‘ بہرے اور نابینا افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی، ہزاروں شرکانے بھارت کے خلاف زوردار نعرے لگائے۔کراچی میں کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے سائرن بجائے گئے جس کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔کشمیر ریلی کے سلسلہ میں سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور ظلم و جبر کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے ۔تحریک لبیک یا رسول اﷲﷺ ،تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک لبیک یا رسول اﷲﷺ آزادی کشمیر مارچ منعقد کیا گیا،مارچ کے شرکانے ’’ اﷲ اکبر،لبیک یا رسول اﷲﷺ،تاجدار ختم نبوت ﷺزندہ باد،کشمیر بنے گا پاکستان ،کشمیریوں سے رشتہ کیا،لاالہ الااﷲ محمد رسول اﷲﷺکے نعرے لگا ئے ۔ بھارتی مظالم کا شکار کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے مراکہ بیٹ پولیس نے ملتان روڈ پر ریلی کا انعقاد کیا ،ریلی میں شریک تمام افراد نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بازی بھی کی،ریلی کے اختتام پر ملکی وسلامتی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ادھر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد کی سپورٹ کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن اوٹاوا میں یوم یکجہتی کشمیرمنایا گیا،یوم کشمیر پر ٹوکیو میں بھی بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرین نے جاپانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف آوازبلند کرے اور بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ کشمیری عوام کو حق خود ارادی دے ۔برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ ٹین ڈائوننگ سٹریٹ کےباہرکشمیریوں نے مظاہرہ کیا،کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئےمظاہرے میں ہزاروں افرادنے شرکت کی،مظاہرین نے بھارتی مظالم کیخلاف نعرے بازی کی،مظاہرین کشمیریوں کے حق میں نعرے لگاتے رہے،مظاہرین نےکشمیراورپاکستان کےپرچم اٹھارکھےتھے۔ کابل میں افغان خواتین نے کشمیریوں کے حق میں ریلی نکالی، خواتین گھروں سے باہر نکل آئیں اور بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف نعرے لگائے،یہ افغانستان کی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے افغان خواتین نے کشمیرکے حق میں سڑکوں پراحتجاج باقاعدہ کیا ریکارڈ کرایا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں کی آہ و بقا اور سسکیوں کو آج برطانوی ہاؤس آف کامن کے اجلاس میں بھی سنا گیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم ناروے اور برطانوی پارلیمان نے خصوصی شرکت کی۔ شرکا اجلاس نے کشمیریوں کی حالت زار پر سخت اظہار تشویش کرتے ہوئے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مذمتی قرارداد منظور کی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.