پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کا 25سالہ بیٹا اسامہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کا 25سالہ بیٹا اسامہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق
پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ اسلام آبادسے پریس کانفرنس چھوڑ کر لالہ موسیٰ روانہ ہوگئے اسامہ گورنمنٹ کالج لاہور کے طالب تھے

قمر زمان کائرہ کی ٹریفک حادثے میں جاں بحق بیٹے اسامہ کے ساتھ تصویر اور حادثے کا شکارگاڑی کی تصاویر

قمر زمان کائرہ کی ٹریفک حادثے میں جاں بحق بیٹے اسامہ کے ساتھ تصویر اور حادثے کا شکارگاڑی کی تصاویر

شخصیات ویب رپورٹ : سلیم آذر

لالہ موسیٰ /لاہور /اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا 25سالہ بیٹا اسامہ قمر کائرہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گیا۔ ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بیٹے کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملتے ہی قمر زمان کائرہ پریس کانفرنس چھوڑ کر لالہ موسٰی روانہ ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا ،اسامہ قمر گورنمنٹ کالج لاہور کا طالب علم تھا ،حادثہ میں اسامہ قمر کا ایک دوست بھی جاں بحق اور ایک کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حادثے کے وقت گاڑی اسامہ قمر خود چلا رہے تھے۔
قمر زمان کائرہ جمعہ کے روز افطاری سے کچھ دیر قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے کہ اسی دوران انہیں ان کے صاحبزادے کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کی اطلاع دی گئی۔ پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے قمر زمان کائرہ کو بتایا ’ ایک خبر آئی ہے کہ آپ کے بیٹے کا ایکسیڈنٹ ہوگیا ہے‘۔ یہ خبر ملتے ہی قمر زمان کائرہ فوری طور پر نیوز کانفرنس چھوڑ کر لالہ موسیٰ روانہ ہوگئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق قمر زمان کائرہ کے 25 سالہ صاحبزادے اسامہ قمر کی گاڑی کو لالہ موسیٰ میں جی ٹی روڈ پر ٹراما سینٹرکے قریب حادثہ پیش آیا۔ گاڑی اسامہ قمر خود ڈرائیوکر رہے تھے جو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا دوست شدید زخمی ہوگیا جو بعد میں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اسامہ کے ساتھ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت حمزہ بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ قمر زمان کائرہ کے صاحبزادے اسامہ قمر کائرہ لاہور کے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان کی اہلیہ اور بیٹا بھی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

تعزیتی پیغامات

قمر زمان کائرہ کے صاحبزادے کے انتقال پر وزیر اعظم عمران خان نے اظہار افسوس کیا اور دکھی خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ قمر زمان کائرہ کے ہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اسامہ قمر کی وفات پر دکھی خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ اسامہ قمر کے انتقال پرا سپیکر قومی اسمبلی ، ڈپٹی اسپیکر، چیئرمین سینیٹ ، وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان ، وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ سمیت ملک کی سیاسی قیادت نے گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا ہے۔
دریں اثنا آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کے بیٹے اسامہ کائرہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق آ رمی چیف نے سوگواروالدین کے لیے استقامت کی دعاکی۔
آرمی چیف کا کہنا ہے کہ سوگواروالدین کے لیے ناقابل تلافی صدمہ ہے، برداشت کے لیے اللہ تعالی والدین کو صبر و استقامت دے۔
شخصیات ویب نیوز کی انتظامیہ اور کارکنوں نے بھی حادثے میں قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور قمر زمان کائرہ کے ساتھ پوری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی ہے کہ اللہ اسامہ اور اس حادثے میں ہلاک ہونے حمزہ کی مغفرت فرمائے ، ان کے درجات بلند کرے ، جو زخمی ہے ان کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور قمر زمان کائرہ اور تمام اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔ آمین

Facebook Comments

POST A COMMENT.