پاکستان میں بیروزگارافراد کی تعداد37 لاکھ 90ہزارہوگئی،سروے رپورٹ جاری

پاکستان میں سال 2017-2018 میں بیروزگار افراد کی تعداد میں ایک لاکھ 70 ہزار کا اضافہ،پنجاب میں 23 لاکھ 90ہزار،سندھ 7 لاکھ 50 ہزار،پختونخوا5لاکھ 50 ہزار،بلوچستان میں ایک لاکھ 10 ہزارافراد بیروزگار

پاکستان میں 36.9 فیصد لوگ انڈر میٹرک، صرف 6 فیصد کے پاس ڈگری یا اس سے اوپر کی تعلیم ہے،ملک میں لیبرفورس کی تعداد 6 کروڑ55 لاکھ ہے، وفاقی ادارہ شماریات

پاکستان مین بیروز گار افراد کی تعداد37 لاکھ 90ہزارہوگئی وفاقی ادارہ شماریات نے لیبرفورس سروے رپورٹ 2017-2018 جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بیروزگار افراد کی تعداد میں ایک لاکھ 70 ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 23 لاکھ 90 ہزار،سندھ میں 7 لاکھ 50 ہزار،خیبرپختونخوا میں 5 لاکھ 50 ہزار اور بلوچستان میں ایک لاکھ 10 ہزار افراد بے روزگارہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ پاکستان میں 2015 میں بیروزگار افراد کی تعداد 36 لاکھ 20 ہزار تھی،2015کے مقابلے میں بیروزگاری کی شرح میں معمولی کمی ہوئی،رپورٹ کے مطابق ملک میں شادی شدہ افراد اور بیواؤں خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے،شادی شدہ افراد کی تعداد 52.6 سے بڑھ کر 53.5 فیصد ہوگئی،اس کے علاوہ کبھی شادی نہ کرنے والے افراد کی تعداد 42.3 فیصد ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک میں شرح خواندگی کی شرح 60.7 فیصد سے بڑھ کر 62.3 فیصد ہوگئی ہے جب کہ ناخواندہ افراد کی شرح کم ہوکر37.9 فیصد رہ گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ پاکستان میں 36.9 فیصد لوگ میٹرک سے کم تعلیم رکھتے ہیں اورصرف 6 فیصد لوگوں کے پاس ڈگری یا اس سے اوپر کی تعلیم ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک میں لیبرفورس کی تعداد 6 کروڑ55 لاکھ ہے جو 2015 میں 6 کروڑ 10 لاکھ تھی، 6 کروڑ 17 لاکھ افراد کے پاس روزگارہے، پنجاب میں سب سے زیادہ 3 کروڑ 76 لاکھ افراد کے پاس روزگار ہے جب کہ سندھ میں ایک کروڑ 44 لاکھ، خیبرپختونخوا میں 71 لاکھ اور بلوچستان میں 25 لاکھ لوگوں کے پاس روزگار ہے۔

Facebook Comments