برٹش ایئرویز کی سروس بحال، پہلی پرواز 11 سال کے بعد اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچ گئی

برٹش ایئرویز کی سروس بحال، پہلی پرواز 11 سال کے بعد اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچ گئی

برٹش ایئرویز کی 11سال بعد پہلی پرواز نے 240 مسافر وں کو لے کرآج پیر کی صبح 9 بج کر 15 منٹ پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کیا

برٹش ایئرویز کی فضائی آپریشن کی بحالی سے ایوی ایشن ڈ ویژن کی حوصلہ افزائی ہوگی، 3 جون کا دن ایوی ایشن کی تاریخ میں اہم دن ثابت ہوگا
برٹش ایئرویز کی بحالی کے باعث دیگر یورپین ملکوں کی فضائی کمپنیاں پاکستان سے رجوع کر رہی ہیں جس سے ایوی ایشن انڈسٹری کو فروغ ملے گا، وفاقی وزیرایوی ایشن
برٹش ایئرویز کا پاکستان میں فلائٹ آپریشن کی بحالی پر شکریہ ، ملک میں امن اور استحکام کی بحالی کے لیے پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز کی دہائیوں طویل جدوجہد کے ثمرات سامنے آنے لگے ، ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور

شخصیات ویب رپورٹ : سلیم آذر

 وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور خان، وزیراعظم کے مشیرتجارت عبدالرزاق، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ذوالفقار حسین بخاری، ایوی ڈویژن اور برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر عہدیداروں نے مسافر برٹش ایرویز کے مسافروں اور عملے کا استقبال کیا

وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور خان، وزیراعظم کے مشیرتجارت عبدالرزاق، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ذوالفقار حسین بخاری، ایوی ڈویژن اور برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر عہدیداروں نے مسافر برٹش ایرویز کے مسافروں اور عملے کا استقبال کیا

برٹش ایئرویز کی 11 سال کے بعد پہلی پرواز اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کر گئی. برٹش ائیرویز نے11 سال کے بعد پاکستان میں فضائی آپریشن بحال کردیا۔ برطانوی فضائی کمپنی کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرانے والی پرواز میں 240 مسافر سوار تھے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کامرس عبدالرزاق، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ذوالفقار حسین بخاری، ایوی ڈویڑن اور برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر عہدیداران نے مسافروں کا استقبال کیا۔
برٹش ایئر ویز کی پرواز کی آمد کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، اس موقع پر پولیس، کوئیک رسپانس فورس یونٹ اور اسنائپرز سمیت 600 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
برٹش ائیرویز کی لندن سے اسلام آباد ہفتہ وار3 پروازیں چلائی جائیں گی۔
وفاقی وزیرایوی ایشن غلام سرور خان نے برٹش ائیرویز کے پاکستان میں فضائی آپریشن کی بحالی پر وڈیو پیغام میں کہا کہ برٹش ائیرویز کے پاکستان میں آپریشن کے بحالی پرخوشی ہے۔ برٹش ائیرویز کی فضائی آپریشن کی بحالی سے ایوی ایشن ڈ ویژن کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
برٹش ائیرویز کی بحالی کے باعث دیگر یورپین ملکوں کی فضائی کمپنیاں پاکستان سے رجوع کر رہی ہیں جس سے ایوی ایشن انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ 3 جون کا دن ایوی ایشن کی تاریخ میں اہم دن ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ 11 سال قبل 2008 میں اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل پر بم دھماکے کے بعد برٹش ائیرویز نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا تھا۔ اس بم دھماکے کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہوئے تھے
برٹش ائیر ویز نے گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان سے دوبارہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے برطانوی ہائی کمشنر نے پریس کانفرنس بھی کی تھی۔ برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراو¿ڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی ہے جس وجہ سے برٹش ائیرویز نے پاکستان میں فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برٹش ائیرویز کے اس اعلان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو ملک میں سرمایہ کاری لانے اورعالمی سطح پر ملک کا بہتر امیج بنانے پر کافی سراہا گیا تھا۔
اس سلسلے میں برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کے لیے براہ راست پروازوں کاآغاز آئندہ جون سے کیا جائے گا۔
مشرق وسطیٰ کے لیے برٹش ایئرویز کے ہیڈآف سیلز نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’برٹش ایئرویز میں تمام افراد پاکستان واپس آنے کے لیے خوش ہیں اور نئے ایئرپورٹ پر ہماری پرواز کے اترنے سے پر امید ہیں‘۔
اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ برٹش ایئرویز کا ایک دہائی کے بعد واپس آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم کہاں تھے اور کہاں آگئے ہیں۔
انہوں نے اس اعلان کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ ’پاکستانیوں کے لیے خوشی کی بات ہے کہ ہماری حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو واپس آنے کے لیے تحفظ فراہم کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ دیگر سرمایہ کاروں کو بھی جاننا چاہیے کہ اب پاکستان سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’دوسرا اہم نقطہ یہ ہے کہ ہم پاکستان کا دنیا بھر سے رابطہ بڑھ رہے ہیں اور ہم ایسا ہی پاکستان چاہتے ہیں جو دنیا سے رابطے میں ہو‘۔

برٹش ایئرویز کا فضائی عملہ محفوظ سفر کے ختتام پر جہاز کے اندر خوش وخرم نظر آرہا ہے، (فائل فوٹو)

(برٹش ایئرویز کا فضائی عملہ محفوظ سفر کے ختتام پر جہاز کے اندر خوش وخرم نظر آرہا ہے، (فائل فوٹو

برطانوی ایئرلائنز کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اس روٹ پر ہر ہفتے 3 بوئنگ 787 تھری کی پرواز چلائی جائے گی جس کا ابتدائی کرایہ 499 یورو (89 ہزار پاکستانی روپے) ہوگا۔
دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے برٹش ایئرویز کے پاکستان میں فلائٹ آپریشن کی بحالی پر شکریہ ادا کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ’ملک میں امن اور استحکام کی بحالی کے لیے پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز کی دہائیوں طویل جدوجہد کے ثمرات سامنے آنے لگے‘۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلائٹ آپریشن کی بحالی پر ’برٹش ایئرویز‘ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ”پرامن پاکستان اور ہمیں آگے ہی جانا ہے“ کا استعمال بھی کیا۔

Facebook Comments