بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، 2 فوجی جوانوں سمیت 4 شہید

بھارتی فورسز نے کنٹرول لائن کے گرم چشمہ، تتہ پانی سیکٹرز میں آبادی کو نشانہ بنایا، 2 شہری زخمی،شہید حوالدار عبدالرب کا تعلق تونسہ شریف،نائیک محمد خرم کا ڈیرہ غازی خان سے ہے

پاک فوج نے منہ توڑ جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا،کیپٹن سمیت 8 بھارتی فوجی ہلاک،بھارتی میڈیا کے مطابق ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال راجوڑی نے ہسپتال میں 8 جوانوں کی لاشیں لائے جانے کی تصدیق کی ہے

شخصیات ویب ڈیسک
بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوانوں سمیت 4 افراد شہید اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی، بھارتی فوج نے گرم چشمہ، تتہ پانی، جنڈروٹ سیکٹرز میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان، 2 شہری شہید اور خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں میں حوالدار عبدالرب اورنائیک خرم شامل ہیں۔ پاک فوج نے منہ توڑ جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا، پاکستانی فوج کی کارروائی سے بھارتی چوکیوں اور بھارتی فوجی دستوں کونقصان پہنچا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ اور پاک نیوی پوری طرح چوکس ہیں۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں 8 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت اور 32 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال راجوڑی نے ہسپتال میں 8 جوانوں کی لاشیں لائے جانے کی تصدیق کی ہے۔ایم ایس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بھارتی فوج کا ایک کیپٹن اور پیرا ملٹری فورسزکے اہل کار بھی شامل ہیں۔ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال راجوڑی نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا جنگ ایک تباہی ہے، مودی جی! بس کردیں۔انہوں نے کہا مودی جی! فوج میں شامل یہ جوان روبوٹ نہیں، ان کے خاندان بھی ہیں۔ دریں اثناء وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہونیوالے نائیک محمد خرم کاتعلق ڈیرہ غازی خان کے بلاک 51 جبکہ حوالدار عبدالرب کا تعلق تونسہ شریف کے علاقہ نتکان سے ہے۔ شہید خرم کے سوگواران میں 2 بیٹے اور ایک بیٹی،حوالدار عبدالرب کی دو چھوٹی بیٹیاں شامل ہیں۔ شہید نائیک خرم کے والد عبدالمجید نے کہا میرے دو بیٹے اسوقت پاک فوج میں ہیں، وطن عزیز پر دونوں بھی شہید ہو جاتے تو مجھے فخر ہوتا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.