سرفراز کی چھٹی، اظہر علی ٹیسٹ اور بابر اعظم ٹی 20 کے کپتان مقرر

سرفراز کی چھٹی، اظہر علی ٹیسٹ اور بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کے نئے کپتان بن گئے ، شائقین کرکٹ فیصلے سے مایوس
سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی سفارشات کی روشنی میں کیا ہے جو سرفراز احمد کی کپتانی سے خوش دکھائی نہیں دے رہے تھے
سرفراز نے 37 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ہے جن میں سے 29 جیتے ، ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے

شخصیات ویب نیوز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹا کر اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
سرفراز احمد کو ٹی 20 ٹیم کی قیادت سے بھی ہٹا دیا گیا ہے اور بابر اعظم کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اظہر علی آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے اور بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی سفارشات کی روشنی میں کیا ہے جو سرفراز احمد کی کپتانی سے خوش دکھائی نہیں دے رہے تھے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے ہٹائے جانے پر ان کے مداح جذباتی ہوگئے اور بطور کپتان ان کے خوشگوار لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے انھیں کپتانی سے ہٹانا غیر منصفانہ قرار دیا۔ پی سی بی کے اس اقدام کے بعد ہیش ٹیگ سرفراز احمد پاکستان کے ٹرینڈ پینل پر ٹاپ ٹرینڈ بھی رہا۔ ان کے مداحوں نے بطور کپتان ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے وڈیوز اپ لوڈ کیں۔ سرفراز کے ایک مداح نے وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے ان ک ےمشہور ڈائیلوگز کی ایک تصویر شیئر کی۔ایک صارف نے پی سی بی کا سرفراز کو ہٹانے کے فیصلے کو بدترین فیصلہ کہا۔
سرفراز کے مداح نے سرفراز کی ایک تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے ان کی ہمت بندھائی۔معروف اسپورٹس اینکر زینب عباس نے بھی سرفراز کے لیے ٹوئٹ کیا اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نہ صرف مداح بلکہ سرفراز کی اہلیہ خوش بخت نے بھی سرفراز کی حمایت میں ٹوئٹس کئے اور ان کی ہمت بندھائی۔ سرفراز کی اہلیہ کے اس ٹوئٹ کے جواب میں سرفراز کے مداحوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور رد عمل دیا۔
خوشبخت نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ سرفراز احمد کے ساتھ ایک مشہور زمانہ قول لکھا کہ بہادر شخص ہمیشہ مقابلہ کرتا ہے ۔
سرفراز کی اہلیہ نے ایک وڈیو بھی ری ٹوئٹ کیا جس میں سرفراز کی مداح نے ان کی بطور کپتان بہترین لمحات کی یکجا ایک ویڈیو شیئر کی۔ انہوں نے سرفراز کو ٹیگ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ شائقین کرکٹ کو دیئے گئے قیمتی لمحات وہ کبھی نہیں فراموش کر سکیں گی۔
سابق کھلاڑیوں نے پی سی بی کے فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ سرفراز کو ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے نہیں ہٹانا چاہیے تھا، ان کی قیادت میں پاکستان نے جو میچ کھیلے ان میں سے زیادہ تر جیتے، میرے خیال سے اس ضمن میں سرفراز کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، لگتا ہے کہ پی سی بی اور نئی مینجمنٹ سرفراز کو ٹیم میں مزید رکھنا نہیں چاہتے لہٰذا سرفراز کو اب ٹی ٹوئنٹی کی کپتان نہیں ملے گی اور نہیں پتا ان کا مستقبل کیا ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ اب سرفراز کو ٹیم میں بھی نہیں رکھیں گے میں اس بات کی گارنٹی دیتا ہوں،مجھے لگتا ہے کہ محمد رضوان ٹیسٹ کپیر کے طور پرآئیں گے اور انہیں ون ڈے میں بھی لایا جائے گا جب کہ ٹی ٹوئنٹی میں ممکنہ طور پر کامران اکمل واپس آسکتے ہیں اور انہیں بطور کیپر چانس مل سکتا ہے البتہ سلمان بٹ اور شرجیل میمن کا نام بھی سننے میں آرہا ہے۔
شعیب اختر نے کہا کہ اظہر علی کے کپتان بننے سے نتائج تبدیل نہیں ہوں گے، آسٹریلیا کے خلاف میچ بہت مشکل ہوں گے، عامر کی ریٹائرمنٹ لینا بہت بدقسمتی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کے سابق رکن اور پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مالک ندیم عمر نے سرفراز احمد کی قیادت سے برطرفی پر مایوسی کا کا اظہار کرتے ہوئے پی سی بی سے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ پی سی بی کے فیصلے پر انھیں بہت تعجب ہوا ہے کیونکہ سرفراز کی قیادت میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی کی نمبرون ٹیم بنا۔ سرفراز نے مسلسل 11سیریز جیتیں صرف ایک سیریز کی بنیاد پر سرفراز احمد کو اس فارمیٹ سے ہٹا دینا نا انصافی ہے۔

سرفراز احمد کا کپتان کی حیثیت سے ریکارڈ

سرفراز احمد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں۔ انھوں نے 37 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ہے جن میں سے 29 جیتے اور صرف آٹھ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کے برعکس ٹیسٹ اور ون ڈے میں بحیثیت کپتان سرفراز احمد 13 ٹیسٹ میچوں میں صرف چار ٹیسٹ جیتنے میں کامیاب ہو سکے اور آٹھ میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا۔
سرفراز احمد نے 50 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں کپتانی کی جن میں سے 28 جیتے، 20 میں شکست ہوئی ہے جبکہ دو میچ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکے۔
کپتانی کے دور میں سرفراز احمد کی اپنی بیٹنگ متاثر ہوئی ہے۔ ورلڈ کپ میں وہ صرف ایک نصف سنچری سکور کرنے میں کامیاب ہو سکے تھے۔

سرفراز احمد کے انٹرنیشنل کریئر پر ایک نظر
2007 میں اپنے انٹرنیشنل کرئیر کا آغاز کرنے والے 32 سالہ سرفراز احمد کا تعلق پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی سے ہے۔
سرفراز نے اپنے کیریئر میں اب تک 188 ٹی ٹوئنٹی، 116 ون ڈے اور 49 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں۔
سرفراز احمد 2016 میں انڈیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی دی گئی۔
2017 میں انھیں ون ڈے جبکہ اسی سال مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد انھیں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی بھی سونپ دی گئی۔
سرفراز کی کپتانی میں ہی پاکستان کرکٹ ٹیم نے سنہ 2017 میں انگلینڈ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی جیتی۔
2018 میں انھیں پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستان کے کم عمر ترین کرکٹر ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ سرفراز کو باہر کرنے کا فیصلہ ٹیم کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ سے دوری انھیں موقع فراہم کرے گی کہ وہ اپنی فارم اور ٹیم میں جگہ دوبارہ حاصل کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ایک بہادر کھلاڑی ہیں ، امید ہے وہ جلد قومی کرکٹ ٹیم کے رنگوں میں رنگے دکھائی دیں گے۔
سابق کپتان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی قیادت کرنا اعزاز کی بات تھی، اظہر علی اور بابر اعظم کے لیے نیک تمناو¿ں کا اظہار کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ اس سفر میں ساتھ دینے پر کوچز، ساتھی کھلاڑیوں، سلیکٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے اعلان کے تھوڑی دیر بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاو¿نٹ سے ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں شامل ایک وڈیومیں کھلاڑیوں کو خوشیاں مناتے دِکھایا گیا جب کہ اس موقع پر سرفراز احمد بھی ویڈیو میں موجود ہیں جنہیں ٹریننگ سیشن کے دوران ٹیم کا ایک ممبر باہر جانے کا اشارہ کررہا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے موقع پر وڈیو جاری کرنے سے تاثر پیدا ہوا کہ کھلاڑی سرفراز کے جانے کی وجہ سے خوشیاں منارہے ہیں اور ٹیم کا ایک ممبر انہیں باہر جانے کو کہہ رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی اس ٹوئٹ پر کرکٹ کے شائقین نے بورڈ پر تنقید کی اور اسے نامناسب قرار دیا۔ ٹوئٹر صارفین کی جانب سے پی سی بی پر تنقید کے بعد بورڈ نے اس ویڈیو کو ٹوئٹر اکاو¿نٹ سے ہٹادیا۔

سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے فیصلے پر قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نے پی سی بی کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے سرفراز کو ہٹائے جانے پر حیرت کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جب سے مصباح الحق کو دو عہدوں پر لگایا گیا ہے عجیب فیصلے ہورہے ہیں۔
سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور وقار یونس نے کبھی سرفراز احمد کو پسند ہی نہیں کیا، سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ احمقانہ ہے، پی سی بی کو فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر اور فاسٹ بولر سکندر بخت کا کہنا ہے کہ ہم خیال لوگوں کو لانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.