گینگ وار کا سرغنہ غفار ذکری کمسن بیٹے،ساتھی سمیت ہلاک

گینگ وار کے سرغنہ غفار ذکری اورپولیس کے درمیان مقابلہ ڈیڑھ گھنٹے جاری رہا
غفار ذکری نے 4 سالہ بیٹے علی کو ڈھال بناکر بھاگنے کی کوشش کی

شخصیات ویب ڈیسک

  شہرقائد میں دہشت کی علامت لیاری گینگ وار کا اہم سرغنہ غفارذکری کراچی پولیس کے ساتھ مقابلے میں 4 سالہ بیٹے اورساتھی سمیت مارا گیا۔ غفار ذکری کے خلاف 100 سے زائد قتل،اغوا،بھتہ خوری کے مقدمات درج تھے

،اسکے سرکی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر  تھی،ہلاک ملزموں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور آوان بم برآمد کرلیے گئے، مقابلے کے دوران 2پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس نے حساس اداروں کی اطلاع پرعلی محمد محلہ میں کارروائی کی تو ملزموں نے فائرنگ کردی اور آوان بم سے حملہ کیا۔فائرنگ اور دھماکوں کی گونج سے علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوگئے،دوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا،اسی اثناء میں پولیس کی فائرنگ سے غفار ذکری کا ساتھی چھوٹازاہد ہلاک ہوگیا۔غفار ذکری اپنے4سالہ بیٹے محمدعلی کو ڈھال بناکر بھاگ رہا تھا کہ پولیس فائرنگ کی زدمیں آگیا جس سے دونوں موقع پر مارے گئے۔ ڈی آئی جی سائوتھ کے مطابق زخمی سب انسپکٹر اللہ دتہ کی حالت تشویش ناک ہے،اسےپیٹ جبکہ ایک کانسٹیبل کو ٹانگ میں گولی لگی۔غفار ذکری 2002 میں گینگ وار کا حصہ بنا اور 2010 میں عزیر بلوچ گروپ سے اختلافات ہونے پر اپنا گروپ بنالیا تھا۔ غفار ذکری کراچی میں آپریشن شروع ہونے پر روپوش ہوگیا تھا۔ملزم کی ہلاکت کے بعد اسکے اہل خانہ نے بغدادی تھانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جسے پولیس نے فوری طور پرختم کرادیا۔آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام نے ایس ایس پی سٹی اورانکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اورپولیس پارٹی کیلئے پانچ لاکھ روپے نقد انعام و تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ گینگ وار کا سرغنہ غفار ذکری معروف فٹبالر عیسیٰ جے کا بیٹا تھا۔ وہ ارشد پپو کی ہلاکت کے بعد گینگ کا سربراہ بنا اور 2006 میں سیاسی پشت پناہی ملنے کے بعد جرم کی دنیا کا بے تاج بادشاہ بن گیا تھا

Facebook Comments

POST A COMMENT.