شہرقائد میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست پر ضمنی انتخاب آج ہوگا

شہرقائد میں این اے 247اور پی ایس 111 پرضمنی الیکشن، عام انتخابات میں ان نشستوں پر بالترتیب عارف علوی اور عمران اسماعیل نے کامیابی حاصل کی تھی

شخصیات ویب ڈیسک
کراچی، شہر قائد میں قومی اورصوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست پر ضمنی انتخاب کا معرکہ آج اتوار سجے گا۔این اے 247 اور پی ایس 111 میں ضمنی انتخاب کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ پولیس،رینجرزاورفوج کی نگرانی میں پولنگ کا سامان عملے کے حوالے کئے جانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔رات گئے تک متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک بیلٹ پیپرز اورباکسزکی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ شہر قائد کے حلقہ این اے 247 سے ڈاکٹرعارف علوی جب کہ پی ایس 111 سے عمران اسماعیل نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔تاہم ڈاکٹر عارف علوی کے صدر مملکت منتخب ہونے اورعمران اسماعیل کے گورنرسندھ بننے کے بعد یہ دونوں نشستیں خالی ہوگئی ہیں۔ شہر قائد میں این اے 247 پر تحریک انصاف کے آفتاب صدیقی،ایم کیوایم کے صادق افتخار،پیپلزپارٹی کے قیصرنظامانی اورپی ایس پی کے ارشد وہرہ کے درمیان مقابلہ ہے۔ پی ایس 111 پرتحریک انصاف کے شہزاد قریشی،ایم کیوایم کے جہانزیب مغل،پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ اورپی ایس پی کے یاسرالدین میدان میں ہیں۔این اے247 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 451 اور پی ایس 111 میں ایک لاکھ 78 ہزار 965 ہے۔این اے 247 میں پولنگ کیلئے 240 جبکہ پی ایس 111 کیلئے 80 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طورپر800 افراد پرمشتمل انتخابی عملہ پولنگ کے دوران فرائض سرانجام دے گا۔ان میں 80پریذائیڈنگ افسران،320 پولنگ افسران،320 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران شامل ہیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.