سعودی ولی عہد کا دورہ تاخیر کا شکار، اتوار کو پاکستان پہنچیں گے

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ہفتہ کی بجائےا ب اتوار17فروری کو دو روزہ دورہ پرآئیں گے،شہزادہ محمد بن سلمان نے اس سے قبل ہفتہ کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا،: ترجمان دفتر خارجہ

شاہراہوں پر خیر مقدمی بینرز، بورڈ آویزاں،دورے سے تعلقات کو نئی جہت ملے گی،سعودی عرب کے 2 نئے شہروں کیلئے افرادی قوت فراہم کی جائیگی،فواد چودھری

سعودی عرب کے ولی عہد وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر کل پاکستان کے دو روزہ دورہ پر پہنچیں گے، شہزادہ محمد بن سلمان نے اس سے قبل ہفتہ کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم ترجمان دفتر خارجہ نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ سعودی ولی عہد ہفتہ کی بجائےا ب اتوار کو دو روزہ دورہ پر پاکستان آئیں گے ، دورے کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی،وزیراعظم عمران خان اور کابینہ کے سینئر ارکان سعودی ولی عہد کا ایئرپورٹ پر استقبال کریں گے، سعودی ولی عہد کا پاکستان آمد پر فقید المثال خیر مقدم کیا جائے گا اور انہیں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی، ولی عہد کے دورے کے دوران سکیورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں،اسلام آباد کی مرکزی شاہراہوں پر خیر مقدمی بینرز اور بورڈ آویزاں کردئیے گئے،جڑواں شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی،ریڈ زون سے ملحقہ علاقے 2روز کیلئے مکمل طور پر بند ہونگے،وزیر اعظم عمران خان سعودی ولی عہد کوپشاوری چپل کا تحفہ پیش کرینگے ، سعودی ولی عہد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی،وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے، محمد بن سلمان کی آمد پر اہم شاہراہوں پر بڑی گاڑیوں کا داخلہ 2 روز کیلئے بند رہے گا جبکہ فضاؤں میں تربیتی پروازیں معطل اور ڈرونز اڑانے پر بھی پابندی ہوگی،راولپنڈی میں 100 سے زائد چیک پوائنٹس قائم کی جائیں گی، جڑواں شہروں کی میٹرو بس سروس راولپنڈی تک محدود رہے گی، جڑواں شہروں کے مخصوص علاقوں میں موبائل سروس بھی بند رہے گی، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وی آئی پیز کی طبی سہولیت کی فراہمی کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ باڈی میں 6 ڈاکٹرز ڈیوٹی کریں گے،ادھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاک سعودی عرب کے درمیان کونسل قائم کی جائے گی، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم عمران خان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے سربراہ ہوں گے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جتنے بھی معاہدے ہوں گے ان کی نگرانی کونسل خود کرے گی، شہزادہ محمد بن سلمان کے دو روزہ دورے سے پاک سعودی عرب تعلقات کو نئی جہت ملے گی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کوپاکستان کا اعلیٰ ترین اعزاز بھی دیا جائے گا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تمام معاہدوں کیلئے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے،سعودی عرب کے 2 نئے شہروں کیلئے افرادی قوت فراہم کی جائے گی، سعودی عرب اور یواے ای سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.