وفاقی کابینہ میں حج پالیسی منظور،اخراجات میں ایک لاکھ 57 ہزارروپے اضافہ

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی کی منظوری دیدی،رواں سال ملکی تاریخ کا مہنگا ترین حج ہوگا،شمالی پاکستان کیلئے اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار،جنوبی پاکستان کیلئے 4 لاکھ 26 ہزارروپے ہوں گے،سبسڈی کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہوا،وزیر اطلاعات

ویزاپالیسی بھی منظور،بھارت کو ویزاآن آرئیول کی سہولت نہیں دے رہے،کراچی کی ترقی کے معاملات وزیراعظم براہ راست دیکھیں گے،زرداری کا نام ای سی ایل میں رہے گا:فوادچودھری

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2019 ،جعلی اکائونٹس معاملہ پر ای سی ایل میں شامل 172افراد میں سے 32کا نام جائزہ کمیٹی کو بھجوانے ،کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کابینہ ڈویژن کے ماتحت کرنے ،29ہزار انٹرنیز کو وظیفہ کی ادائیگی کیلئے وزیراعظم یوتھ ٹریننگ پروگرام کی ضمنی گرانٹ ،ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کے ٹرم اینڈ کنڈیشنز جبکہ حفیظ پاشا اور نوید حامد کو مانیٹری پالیسی کمیٹی میں بطور ممبر ،خرم حسین کو پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی کا سی ای او ،عدنان آفریدی کو این ایم ٹی کا ایم ڈی لگانے کی منظوری دید ی ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچودھری نےوفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی معیشت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ سے کابینہ کے اجلاس کا آغاز کیا گیا ۔2018میں پی ٹی آئی حکومت کو جو معیشت ورثے میں ملی تھی اس میں آج کافی حد تک بہتری کی جاچکی ہے ،حکومت نے مشکل فیصلے کرتے ہوئے فوری ادائیگیوں کے بحران کا خاتمہ کر دیا ہے ،اسی سمت اور رفتار سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں ۔ وفاق ایک سال کے دوران 5ہزار 571بلین ٹیکس اکٹھا کرتا ہے،18ویں ترمیم کے بعد ہر 10روپے میں سے 6روپے صوبوں کے پاس چلے جاتے ہیں اور صرف چار روپے وفاق کے پاس رہ جاتے ہیں،پوری 18ویں ترمیم کیخلاف نہیں ہیں۔صوبوں کو بااختیاربنانے و دیگر ترامیم تو ٹھیک ہیں لیکن ہائیر ایجوکیشن ،صحت و دیگر شعبے صوبوں کو دینے کے بعد عالمی سطح کے معاملات سے ہم باہر ہوچکے ہیں ،ان پر نظر ثانی ہونی چاہیے ۔گزشتہ10 سال کےدرمیان ملکی قرضوں میں84فیصداضافہ ہوا۔یہ تمام قرضے پیپلزپارٹی اورن لیگ سےورثےمیں ملے۔قرضوں کے سود کیلئے بھی دو ہزار ارب روپیہ درکار ہے۔ بھارت و دیگر ملکوں کے مقابلے میں ہمارا دفاعی بجٹ کم ہے۔وزیراعظم نے چھ ماہ میں خارجہ پالیسی بہتر کی ہے۔افغانستان میں پاکستان کاگیم چینجرکردارچل رہاہے۔امریکہ کیساتھ تعلقات میں بہتری آ رہی ہے ۔ سعودی کراؤن پرنس پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ڈاکٹر عشرت حسین نے ادارہ جاتی اصلاحات پر رپورٹ پیش کی ،رولز آف بزنس میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعظم آفس کے اختیارات وزارتی سطح پر لے جائیں گے۔ای سی ایل میں شامل 172افراد میں سے 32کا نام نظر ثانی کمیٹی کو بھجوایا گیا ہے ۔ کابینہ اجلاس میں حج پالیسی 2019کی منظوری د یدی گئی ہے۔ ایک لاکھ 84ہزار کے قریب پاکستانی حج کریں گے۔10ہزار بزرگ شہریوں کو حج کوٹہ دیاجائے گا۔کم آمدن والے 500 افراد کیلئے حج کوٹہ رکھا گیا ہے۔حج کےحوالے سے سبسڈی پر فیصلہ نہیں ہوا۔رواں سال حاجیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں چلائی جائیں گی،حج کیلئے بائیومیٹرک کی سہولت دور دراز علاقوں میں میسرہوگی۔وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کو ہدایات دی ہیں کہ حج 2019کیلئے مثالی انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ویزا رجیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی گئی ہے۔بھارت کو بی کیٹگری میں رکھا گیا ہے ۔بھارت کو ویزاآن آرئیول کی سہولت نہیں دی جا رہی ۔ 175ملکوں کیلئے ای ویزا کی سہولت میسر ہو گی۔98ملکوں کے شہریوں کو کاروباری ویزا کی سہولیت میسر ہو گی۔صحافتی ویزا کا حصول آسان بنا یا جائے گا۔وزیراعظم یوتھ ٹریننگ پروگرام کیلئے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے ۔کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی اب کابینہ ڈویژن کے ماتحت ہو گی۔کراچی کی ترقی کے معاملات وزیراعظم اب براہ راست دیکھیں گے۔ نوازشریف اورزرداری کی سیاست ختم ہوگئی۔زرداری کا نام ای سی ایل میں شامل رہے گا۔ ن لیگ دورمیں29ہزار انٹرن بھرتی کیےگئےجنہیں وظیفہ نہیں مل رہاتھا،وزیراعظم نےانکےوظیفےکی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کی میڈیا بریفنگ میں نجی چینلز کی طرف سے صحافیوں کو نکالے جانے پر میڈیا رپورٹرز نے احتجاج کیا اورملازمین کو نکالنے والے اداروں کے مائیک ہٹالئے۔وزیراطلاعات نے کہا معیشت کے حالات آج پہلے سے بہت بہترہیں۔احتجاج آپ لوگوں کا بنیادی حق ہے اور میں میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑا ہوں۔ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی بنانے کا مقصد صحافیوں کو پروٹیکشن دینا بھی ہے۔فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں کو تمام ترسہولتیں فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق کابینہ اجلاس میں ویزا پالیسی میں نرمی اور ارباب شہزاد کو حج 2019ء کا سپروائزر لگانے کی بھی منظوری دی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نےآزادکشمیر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر بھرپو ر انداز میں منائیں گے ۔پورے پاکستان میں جلسے ، جلوس ،ریلیاں اور سیمینار کا انعقاد کریں گے ، بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو یورپی دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا ۔ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں حکومت آزادکشمیر کی بھی بھرپور نمائندگی ہو گی ۔

رواں سال ملکی تاریخ کا مہنگا ترین حج ہوگا۔92ینوزکے مطاق کابینہ کی جانب سے سبسڈی کی عدم منظوری کے بعد حج گزشتہ سال کی نسبت ایک لاکھ 57 ہزارروپے مہنگا ہوگیا۔شمالی پاکستان کیلئے حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار روپےجبکہ جنوبی پاکستان کیلئے حج اخراجات 4 لاکھ 26 ہزارروپے ہوں گے۔2018میں حج اخراجات 2 لاکھ 80 ہزارروپے تھے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے وفاقی کابینہ کو حج پالیسی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزارت نے 42ہزار روپے فی حاجی سبسڈی دینے کی تجویز دی جسے وفاقی کابینہ نے مسترد کردیا۔ واضح رہے اسلامی نظریاتی کونسل نےحج پر سبسڈی کو جائز قرار دیاتھا۔رواں سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی عازمین حج پرجائیں گے۔ ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی سرکاری سکیم جبکہ 76 ہزار سے زائد پرائیویٹ سکیم کے تحت حج کا فریضہ اداکرینگے۔80سال سے زائد عمر کے 10 ہزار عازمین بغیر قرعہ اندازی حج پرجائیں گے۔سرکاری سکیم پر ہارڈ شپ کوٹہ دو فیصد سے کم کرکے ڈیڑھ فیصد کردیاگیا ہے۔
مہنگا ترین حج

Facebook Comments

POST A COMMENT.