پاکستان کی فضائی حدود کی بندش میں ایک دن کی توسیع

پی آئی اے’ نے ترجیحی بنیادوں پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے بعض پروازیں بحال کرنے کا اعلان کے فوری بعد اسے معطل کرنے کا اعلان

سی اے اے کی فضائی حدود کی جزوی بحالی کا بیان واپس لیتے ہوئے معذرت،پاکستان کی فضائی حدود ہرقسم کی پرواز کے لیے تاحکمِ ثانی مکمل طور پربند رہینگی،سول ایوی ایش اتھارٹی

شخصیات ویب ڈیسک
پی آئی اے’ نے ترجیحی بنیادوں پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے بعض پروازیں بحال کرنے کا اعلان کے فوری بعد اسے معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔قبل ازیں ترجمان پی آئی اے نے بتایا تھا کہ قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 731 آج شام 6 بجے کراچی سے جدہ روانہ ہوگی، پی کے 213 رات 10 بجے کراچی سے دبئی، پی کے 747 شام 6 بجے کراچی سے مدینہ اور پی کے 245 رات 11 بجے کراچی سے دمام کے لیے روانہ ہوں گی۔پی آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مسافروں سے درخواست کی گئی کہ ایئر پورٹ روانگی سے قبل پی آئی اے کے کال سینٹر سے ضرور رابطہ کریں۔تاہم بعد ازاں ترجمان کا کہنا تھا کہ ’فضائی حدود بند ہو نے کے باعث پی آئی اے نے اپنی آج کی اعلان کردہ پروازیں بھی معطل کر دی ہیں‘۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے بھارتی دراندازی کے جواب میں 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرائے جانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی۔جس کے بعد پاکستان کی فضائی حدود بھی اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک کی تمام پروازوں کے لیے بند کردی گئی تھی اور سول ایوی ایش اتھارٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فضائی حدود بند ہونے کا اعلان کیا تھا۔بعد ازاں سی اے اے کی جانب سے ایک اور اعلان سامنے آیا جس کے تحت جزوی طور پر فضائی حدود بحال ہونے کا کہا گیا تھا اور بتایا گیا کہ جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی سے 2 پروازیں بیرونِ ملک روانہ ہوئیں جس میں ایک پرواز دبئی جبکہ دوسری مسقط کے لیے روانہ ہوئی۔تاہم بعد میں سی اے اے نے فضائی حدود کی جزوی بحالی کا بیان واپس لیتے ہوئے معذرت کی اور کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود ہر قسم کی پرواز کے لیے تاحکمِ ثانی مکمل طور پربند ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.