نیب ریفرنسز کا فیصلہ کل سنایا جائے گا،وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف العزیزیہ اورفلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ جج ارشد ملک کل سنائیں گے،نوازشریف فیصلہ سننے کل عدالت آئیں گے ،عدالتی عملے کی چھٹیاں منسوخ

وفاقی دارالحکومت میں سخت سیکیورٹی انتظامات،عدالت کے اطراف پولیس کی ایک ہزارنفری تعینات کی جائے گی،رینجرزکسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موجود رہے گی

احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ کل سنائیں گے۔نوازشریف فیصلہ سننے کیلئے کل احتساب عدالت جائیں گے،جج ارشد ملک نے عدالتی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر رکھی ہیں۔احتساب عدالت نمبرایک اوردو میں نوازشریف کیخلاف نیب ریفرنسز کی مجموعی طورپر183 سماعتیں ہوئیں سابق وزیراعظم مجموعی طورپر130 باراحتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے،وہ 70 بارجج محمد بشیراور60 بارجج ارشد ملک کے روبرو پیش ہوئے۔ایون فیلڈ میں سزا کے بعد نوازشریف کو 15 بار اڈیالہ جیل سے لا کرعدالت میں پیش کیا گیااحتساب عدالت نمبرایک میں 70 میں سے65 پیشیوں پرمریم نوازمیاں نوازشریف کے ساتھ تھیں۔احتساب عدالت نے مختلف اوقات میں نوازشریف کو 49 سماعتوں پرحاضری سے استثنیٰ دیا،جج محمد بشیرنے 29 جبکہ جج ارشد ملک نے نوازشریف کو 20 سماعتوں پرحاضری سے استثنیٰ دیا۔اس موقع پروفاقی دارالحکومت میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔پولیس کے مطابق احتساب عدالت کے اطراف پولیس کی ایک ہزارنفری تعینات کی جائے گی اورکمرہ عدالت میں نوازشریف کو کلوزپروٹیکشن یونٹ سیکیورٹی فراہم کرے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر آج شام سے پولیس تعینات کردی جائے گی،ضرورت پڑنے پرمزید پولیس فورس تعینات کی جائے گی اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو احتساب عدالت نہیں جانے دیا جائے گا۔اس موقع پر1400 پولیس افسران وسیکیورٹی اسٹاف تعینات کیا جائے گا۔آنسوگیس کے 400 اضافی شیل،ربڑکی گولیاں اورڈنڈ ا بردار12 اسپیشل اسکواڈزبھی تشکیل دیے گئے ہیں۔قیدیوں کی 8 وینزسٹی زون کے اہم مقامات پرموجود ہوں گی۔چاروں زونل ایس پیز اپنے علاقوں میں صورتحال کی مانٹیرنگ کریں گے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رینجرزبھی موجود رہے گی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.