سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آج پاکستان پہنچیں گے،تیاریاں مکمل

سعودی ولی عہد کا طیارہ پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی جے ایف 17 تھنڈرطیارے فضا میں پروٹوکول دیں گے،ایئرپورٹ پر اترتے ہی سعودی ولی عہد کو 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی

ولی عہد،صدر علوی اورآرمی چیف سے بھی ملیں گے،وفود کی سطح پرمذاکرات میں معاہدوں پردستخط ہونگے، سپریم کوآرڈینیشن کونسل کا آج اجلاس ،جڑواں شہروں کی سکیورٹی فوج نے سنبھال لی

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورہ پر آج پاکستان پہنچیں گے،سعودی ولی عہد کا طیارہ پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی جے ایف 17 تھنڈر فضا میں طیارے پروٹوکول دیں گے،ایئرپورٹ پر اترتے ہی سعودی ولی عہد کو 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی اور وزیراعظم عمران خان کابینہ سمیت ایئرپورٹ پر سعودی شہزادے کا پرتپاک استقبال کریں گے، عظیم مہمان کا پاکستان آمد پر فقید المثال خیر مقدم کیا جائے گا، وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب ہوگی اورشہزادہ محمدکوگارڈآف آنرپیش کیاجائے گا،وزیراعظم ہاؤس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان میں ون آن ون ملاقات ہوگی،شہزادہ محمد بن سلمان دورہ پاکستان کے دوران آج صدر عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کریں گے، سعودی ولی عہد سے وزیراعظم، آرمی چیف اور سینیٹ کا وفد بھی ملاقات کرے گا،شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ آنے والے سعودی وزرااپنے پاکستانی ہم منصبوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے اس دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ کے طریقوں پر بات چیت ہو گی، پاکستان اور سعودی عرب سرمایہ کاری، خزانہ، بجلی، قابل تجدید توانائی، داخلی سلامتی، میڈیا، ثقافت اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں سے متعلق کئی اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کریں گے، دونوں ممالک تعاون کے ٹھوس شعبہ جات پر فوری پیش رفت اور موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے مضبوط پیروی نظام وضع کرنے کے طریقوں پر بھی بات چیت کریں گے۔ ادھر ولی عہد کے دورے کے دوران سکیورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں،جڑواں شہروں کی سکیورٹی پاک فوج نے سنبھال لی ،اسلام آباد کی مرکزی شاہراہوں پر خیر مقدمی بینرز اور بورڈ آویزاں کردئیے گئے ،جڑواں شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی،ریڈ زون سے ملحقہ علاقے 2روز کیلئے مکمل طورپر بند ہونگے ، محمد بن سلمان کی آمد پر اہم شاہراہوں پر بڑی گاڑیوں کا داخلہ 2 روز کیلئے بند رہے گا جبکہ فضاؤں میں تربیتی پروازیں معطل اور ڈرونز اڑانے پر بھی پابندی ہوگی،راولپنڈی میں 100 سے زائد چیک پوائنٹس قائم کی جائیں گی، جڑواں شہروں کی میٹرو بس سروس راولپنڈی تک محدود رہے گی، جڑواں شہروں کے مخصوص علاقوں میں موبائل سروس بھی بند رہے گی، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وی آئی پیز کی طبی سہولیت کی فراہمی کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ باڈی میں 6 ڈاکٹرز ڈیوٹی کریں گے۔علاوہ ازیں پاکستان اور سعودی عرب کے سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کا اجلاس آج ہوگا،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیر اعظم عمران خان مشترکہ صدارت کرینگے ،دونوں ممالک کے درمیان سفارتی دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کیلئے 3پلرز قائم کردئیے گئے،پاک سعودی رابطوں کے بعد تینوں پلرز کی سٹیئرنگ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوسرا پلر معیشت ہوگا،سعودی عرب کی جانب سے 9وزارتیں اقتصادی پلر میں شامل ہیں ۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.