سانحہ مستونگ نے دہشتگردوں کی ٹوٹی کمرپرسوالات اٹھادیے، بلاول

پاکستان کی بہادر عوام 25جولائی کو  اپنا ووٹ ہرصورت ڈالیں گے

شخصیات ویب ڈیسک

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں بتایا گیا کہ دہشتگردوں کی کمرتوڑدی گئی ہے لیکن سانحہ مستونگ نے بہت سے سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر پورے ملک میں بہت کم عمل ہوا ہے ، ایسے لگتا ہے کہ وہ ایک کاغذی منصوبہ تھا۔اب الیکشن خوف کے ماحول میں لڑے جا رہے ہیں، تاہم انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنادی جائیگی۔ملک میں الیکشن ہونگے اورسکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانا ہو گا۔ حکومت سکیورٹی کے معاملہ پر اپنا بہترین کردار ادا کرے۔گزشتہ روز کوئٹہ میں سانحہ مستونگ میں شہید ہونیوالے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما نوابزادہ سراج رئیسانی کے گھر جاکر انکے اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا کہ خیبرپختونخوا سے لیکر بلوچستان تک دہشتگردی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران ملک میں کہیں بھی دہشتگردی کے واقعات نہیں ہونے چاہئیں۔ انتخابی ماحول میں سکیورٹی اولین ترجیح ہونی چاہئے لیکن الیکشن سے پہلے ہی افسوسناک واقعات وقوع پذیر ہو گئے ہیں۔ ہم دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ عراق اور افغانستان میں بھی ایسے ہی حالات میں الیکشن ہوئے ہیں۔کالعدم تنظیموں کی الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی ہے، نیشنل ایکشن پلان کو وسیع کرنا پڑے گا کیونکہ اگر ہم انتہاپسندی اور دہشتگردی کامقابلہ کرنے میں سنجیدہ ہیں تو ہمیں یہ کرنا پڑےگا۔ این ایف سی ایوارڈ پر بھی عملدرآمد نہیں ہوا اور نیا این ایف سی ایوارڈ بھی نہیں دیا گیا۔بلوچستان میں سیاسی جماعتوں کی سکیورٹی کے حوالے سے شکایات ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی بہادر عوام 25جولائی کو  اپنا ووٹ ہرصورت ڈالیں گے، اپنی بہترین رائے کا استعمال کرینگے اورووٹ سے دہشتگردوں کو شکست دینگے۔ انتظامیہ کو  سکیورٹی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں برتنی چاہئے۔ہمیں دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کی ضرورت ہے۔ہم سانحہ مستونگ کے تمام شہدا کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.