وزیراعظم نے سیاحت کے فروغ کیلئے آن لائن ویزا پالیسی کا اجراء کردیا

وزیراعظم نے آن لائن ویزا پالیسی کا اجراء کردیا۔ عمران خان کہتے ہیں کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات رقبے میں سوئٹرز لینڈ سے دوگنا ہیں، سیاحت سے ملائیشیا 22 ارب ڈالر جبکہ ترکی 40 ارب ڈالر سالانہ کماتا ہے

شخصیات ویب ڈیسک
وزیراعظم نے آن لائن ویزا پالیسی کا اجراء کردیا۔ عمران خان کہتے ہیں کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات رقبے میں سوئٹرز لینڈ سے دوگنا ہیں، سیاحت سے ملائیشیا 22 ارب ڈالر جبکہ ترکی 40 ارب ڈالر سالانہ کماتا ہے۔وزیراعظم نے آن لائن ویزا پالیسی کے اجراء کا افتتاح کردیا، پاکستان آنے کے خواہشمند 175 ممالک کے شہری کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے ویزا اپلائی کرسکیں گے۔عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن ویزا پالیسی کا اجراء بڑی تبدیلی ہے، آن لائن ویزا پالیسی کا اجراء نئے پاکستان کی جانب اہم قدم ہے، اس سے سیاحت میں بھی اضافہ ہوگا، لوگ آسانی سے پاکستان آسکیں گے، سیاحت سے ملائیشیا 22 ارب ڈٓلر جبکہ ترکی 40 ارب ڈالر سالانہ کماتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کا مائنڈ سیٹ ویزا کے حصول میں مشکلات پیدا کرتا تھا، ماضی میں سیاحت کیلئے این او سی سمیت کئی مشکل مراحل کا سامنا تھا، لوگ آئیں گے تو انہیں پاکستان کی صلاحیتوں اور مقامات کا پتہ چلے گا، پاکستان کے شمالی علاقہ جات رقبے میں سوئٹرز لینڈ سے دوگنا ہیں، پاکستان میں بدھ ازم اور سکھوں کے مقدس مقامات موجود ہیں، ہم نے سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے، ہم اپنی مذہبی سیاحت کی مارکیٹنگ کریں گے۔عمران خان کہتے ہیں کہ ہم اپنی قدیم تہذیبوں سے بھی دنیا کو روشناس کرائیں گے، پشاور کا مرکزی علاقہ ڈھائی ہزار سال قدیم ہے، پاکستان میں لاہور، ملتان اور موہنجو دڑو جیسی ثقافتیں موجود ہیں، 60ء کی دہائی میں پاکستان دنیا میں تیزی سے ترقی کررہا تھا، ہم خود انحصاری کی جانب گامزن تھے، سرمایہ کار آئیں گے تو انہیں پتہ چلے گا پاکستان میں کیا کچھ ہے، حکومت سنبھالی تو 19 ارب ڈالر کے مالی خسارے کا سامنا تھا۔عمران خان نے کہا کہ شمالی علاقوں میں لوگوں کو ریسٹ ہاؤسز اور گھروں میں اضافی کمرے بنانے کیلئے قرضے دیں گے، آن لائن سسٹم کے ذریعے لوگوں کو پاکستان کے سیاحتی مقامات کی معلومات فراہم کریں گے، پاکستانی سفارتخانوں کو ٹور ازم کی پروموشن کیلئے فنڈز دیئے جائیں گے، ملکی حالات بہت بہتر ہیں، اگلا پی ایس ایل مکمل طور پر پاکستان میں ہوگا، یو اے ای کے خالی گراؤنڈز میں میچز نہیں کرانا چاہتے۔دوسری جانب حکومت نے ویزا پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے ناپسندیدہ ممالک کی تعداد میں کمی کردی، بنگلہ دیش کو ناپسندیدہ ممالک کی فہرست سے نکال دیا گیا، اب اس لسٹ میں صرف بھارت اور صومالیہ رہ گئے ہیں جبکہ 5 ممالک ترکی، چین، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے شہریوں کو ویزا آن آرائیول کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق بزنس ویزا کیلئے ممالک کی تعداد 48 سے بڑھا کر 96 کردی گئی، جرمنی، اٹلی، نیوزی لینڈ، کویت، برازیل، کینیڈا، چین، ڈنمارک اور فرانس شامل ان ممالک میں شامل ہیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.