اومنی گروپ کے اصل مالک آصف علی زرداری ہی ہیں،فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مراد علی شاہ کا نام اتنی گھنائونی کرپشن میں آنا اس سے زیادہ شرم کا باعث ہے، پی ٹی آئی وزیر اعلیٰ سندھ کے استعفیٰ کا مطالبہ قائم ہے

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اومنی گروپ کے اصل مالک آصف علی زرداری ہی ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے ملنے والا پیکج کا پہلے ہی اعلان ہوگیا تھا، دورے کے دوران اس کو حتمی شکل دی گئی، ہمارے یو اے ای کے ساتھ صرف معاشی نہیں بلکہ اسٹریٹجک نوعیت کے تعلقات ہیں۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ’فلم ٹھگز آف پاکستان‘میں انٹرویل چل رہا ہے اوریہ فلم آگے بڑھ رہی ہے، وزیر اعظم کی جانب سے سیاسی مافیا کے خلاف تجاوزات کا جو آپریشن کلین اپ شروع کیا گیا اسے آگے بڑھایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں آج سماعت کے دوران پاکستان کے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتی ابھر کر سامنے آئی، جے آئی ٹی کی جانب سے بھی دیے گئے اکائونٹس سے اومنی گروپ یا آصف علی زرداری نے انکارنہیں کیا کیونکہ اومنی گروپ کے اصل مالک و مختارآصف زرداری ہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ نے اس کیس کو نیب کے حوالے کردیا ہے اور انہیں 2 ماہ میں تحقیقات مکمل کرنے کا کہا ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو اورمراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا ہے،لہٰذا عدالت کے تمام احکامات کی طرح اس پرعمل کرتے ہوئے ان کا نام بھی اس فہرست سے نکال دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عہدوں کی وجہ سے نام ای سی ایل میں ڈالے یا نکالے نہیں جاتے بلکہ یہ کردار کی وجہ سے کیا جاتا ہے،وزیر اعلیٰ کا نام ای سی ایل میں آنا شرمندگی کا باعث ہے لیکن مراد علی شاہ کا نام اتنی گھنائونی کرپشن میں آنا اس سے زیادہ شرم کا باعث ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کے استعفیٰ کا مطالبہ قائم ہے کیونکہ اومنی گروپ اور ا?صف علی زرداری نے جو فائدے اٹھائے ہیں وہ وزیر اعلیٰ کے کردار کے بغیر ممکن ہی نہیں تھے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.