عدالتی احکامات نہ ماننے والے اسکول مالکان کے خلاف ایکشن لینے کا اعلان

عدالتی احکامات کے بعد فیسوں میں سالانہ 5 فیصد سے زائد

کوئی بھی اسکول اضافہ نہیں کرسکتا، وزیر تعلیم سندھ

حکم عدولی پر پرائیویٹ اسکولز کی رجسٹریشن منسوخ اور انہیں بلیک لسٹ بھی کیا جاسکتا ہے، سردارعلی شاہ

پرائیویٹ اسکولز 5 فیصد سے زائد وصول کردہ فیس واپس کریں، وزات تعلیم سندھ

نجی اسکولوں کا فیسوں میں کمی سے انکار، فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

نجی اسکول مالکان نے عدالت اور سندھ حکومت کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، اضافی فیسوں کے علاوہ
جون جولائی کی فیس اورسالانہ چارجز بھی وصول کیے جا رہے ہیں،والدین کی دہائی

شخصیات ویب ڈیسک

کراچی : وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے فیسوں سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے والے نجی اسکول مالکان کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد فیسوں میں سالانہ 5 فیصد سے زائد کوئی بھی اسکول اضافہ نہیں کرسکتا، حکم عدولی پر پرائیویٹ اسکولز کی رجسٹریشن منسوخ کی جا سکتی ہے اور انہیں بلیک لسٹ بھی کیا جاسکتا ہے، کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ نجی اسکول رجسٹریشن کے وقت کئی حلف ناموں پر دستخط کرتے ہیں لیکن نجی اسکولوں کے مالکان حلف نامے کی شرائط پوری نہیں کر رہے۔ حلف کے مطابق ہر پرائیویٹ اسکول کو دس بچوں کو مفت تعلیم دینی ہے، اطلاعات ہیں کہ اکثر نجی اسکولز مفت تعلیم دینے کی ذمہ داری ادا نہیں کررہے جن کیخلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ تین ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں پانچ فیصد سے زیادہ اضافے کو غیرقانونی قرار دیا تھا،عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پرائیویٹ اسکولز 5 فیصد سے زیادہ فیس بڑھانے کے اہل نہیں ہیں۔ پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کو غیرقانونی قرار دیئے جانے کے باوجود اسکولوں کی جانب سے اضافی فیسوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ نجی اسکول مالکان نے عدالت اور سندھ حکومت کے احکامات ہوا میں اڑا دیے ہیں اور اسکول اضافی فیسوں کے علاوہ جون جولائی کی فیس اورسالانہ چارجز بھی وصول کر رہے ہیں۔ عدالتی فیصلے کے بعد سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم نے اسکولوں کوعدالتی حکم پر عمل کے احکامات جاری کیے تھے اور اس حوالے سے جاری سرکلر میں کہا گیا تھا کہ پرائیویٹ اسکولز 5 فیصد سے زائد وصول کردہ فیس واپس کریں۔تاہم نجی اسکول مالکان نے سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے 5 فیصد اضافے کا حکم ماننے سے انکار کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.