جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پرپابندی عائد

جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پرپابندی عائد کردی گئی،وزارتِ داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دونوں تنظیمیوں پرپابندی عائد کرتے ہوئے اسے کالعدم قراردیدیا۔بینک اکاؤنٹس منجمد اوردفاترسیل کرنیکا حکم جاری کردیا

بیرونی دباؤ پرکیے گئے اس فیصلہ سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا،کشمیریوں کے حق میں مضبوط آواز بلند کرنے کے جرم میں جماعۃالدعوۃ پرپابندی لگائی گئی ہے،ترجمان جماعۃالدعوۃ پاکستان یحییٰ مجاہد

شخصیات ویب نیوز
جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پرپابندی عائد کردی گئی،وزارتِ داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد کر تے ہوئے اسے کالعدم قرار دیدیا۔بینک اکاؤنٹس منجمد اور دفاتر سیل کرنے کا حکم جاری کردیا، اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ جماعت الدعوة ،فلاح انسانیت فا ؤ نڈیشن پرپابندی کافیصلہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کیاگیا۔وفاقی وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں نیشنل ایکشن پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ترجمان کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کو تیز کیا جائے گا۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو کالعدم تنظیم قرار دیا جائے گا۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جو 3 گھنٹے سے زائد جاری رہا۔دریں اثناء جماعۃالدعوۃ پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہدنے وزارت داخلہ کی جانب سے جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی دباؤ پر کیے جانے سے اس فیصلہ سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ترجمان کا کہناتھا کہ کشمیریوں کے حق میں مضبو ط آواز بلند کرنے کے جرم میں جماعۃالدعوۃ پر پابندی لگائی گئی ہے۔
وزرات داخلہ کی جانب سے جماعت الدعوۃ اورفلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے یحییٰ مجاہد کا کہنا تھا کہ جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پہلے بھی بھارتی مطالبہ پر پابندیاں لگائی گئیں۔ترجمان کا کہناتھا کہ پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں نے اپنے فیصلوں میں واضح طور پر قرار دیا کہ جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن دونوں پرامن جماعتیں ہیں اور انہیں ملک میں رفاہی، فلاحی اور دعوتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.