شہبازشریف کو صدرپبلک اکاﺅنٹس کمیٹی بنانا”بلے کو دودھ کی رکھوالی پربٹھانا“ہے،فواد چوہدری

شہبازشریف کوان کے بھائی سابق وزیراعظم نواز شریف کے منصوبوں کے آڈٹ پر کیسے بٹھائیں! یہ اصولی اختلاف ہے، ! وفاقی وزیر اطلاعات

مشاہد اللہ خان کو سینیٹ میں جاکر ایسا جواب دوں گا کہ ان کی طبیعت اپنے مقام پر آجائے گی، میڈیا سے گفتگو

رپورٹ: سلیم آذر

جانے ایسا کیا سبب ہے کہ سیاست کی دنیا میں جانوربطور علامت ضرور استعمال ہوتے ہیں۔ یہ صرف ہمارے ملک میں ہی نہیں دنیا بھر کی سیاست میں ہوتا ہے۔ امریکا میں گدھے اور ہاتھی کو علامت طور پر استعمال کیا جاتا ہے تو ہمارے یہاں شیر ، کتا، بلی اور بلے کا خوب خوب استعمال ہوا ہے۔پاکستان کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری نے ایک بار لاڑکانہ میں تقریر کرتے ہوئے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلے کو نہیں چھوڑنا ورنہ وہ سارا دودھ پی جائے گا۔ اب ”بلے “سے ان کی کیا مراد تھی اور وہ کس کی جانب اشارہ کررہے تھے، وہی بہتر بتا سکتے ہیں۔انہوں نے ایک بار اور بھی بلے کا ذکر کیا ، بلے کے ذکر کی گونج ملکی سیاست میں بازگشت بن کر پھیلتی رہی اوراب بلے کا ذکر سابق حکومتوں کے ایوانوں سے نکل کر موجودہ تبدیلی کے دور تک آ پہنچا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی بلے کا ذکر کر ڈالا۔ انہوں نے رہنما حزب مخالف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی صدارت دینے کا مطلب ” بلے کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھانا “ہوگا۔میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ اصولی اختلاف یہ ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے منصوبوں کے آڈٹ پر شہبازشریف کو کیسے بٹھائیں!سینیٹر مشاہداللہ خان کی گزشتہ روز کی تقریر پر بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ن لیگی سینیٹر نے میری غیر موجودگی میں تقریر کی تھی۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ مشاہد اللہ خان کو سینیٹ میں جاکر ایسا جواب دوں گا کہ ان کی طبیعت اپنے مقام پر آجائے گی۔

 

Facebook Comments

POST A COMMENT.