کالاباغ ڈیم قومی وحدت کو نقصان پہنچا کر بنانا منظور نہیں، شہباز کی انتخابی مہم شروع

کالاباغ ڈیم کے بجائے بھاشا ڈیم پر توجہ دینا،کراچی کو ساﺅتھ ایشیا کا پیرس بناﺅں گا،   صدر مسلم لیگ نواز 

 تین سال میں کراچی کے ہر گھر میں پینے کا صاف پانی ہوگا، 6 ماہ میں کوڑے کے ڈھیر ختم اورکراچی کو ساﺅتھ ایشیا کا پیرس بناﺅں گا

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کراچی میں خطاب، قائد اعظم کے مزا حاضری دی اور فاتحہ خوانی

شخصیات ویب نیوز 

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب میں نے کہا تھا کہ لاہور کو پیرس بناﺅں گا تو مذاق اڑایا گیا تھا لیکن اب کہتا ہوں کہ کراچی کو ساﺅتھ ایشیا کا پیرس بناﺅں گا۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف الیکشن مہم کے آغاز کے لیے چارٹر طیارے سے کراچی پہنچے جہاں پارٹی رہنما رانا مشہود اور سلیم ضیا سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کراچی میں دو روز قیام کریں گے۔ شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کا آغاز فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سے کیا جہاں انہوں نے تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ 2013 میں پاکستان کو دو چیلنجز تھے، سب سے بڑا چیلنج لوڈ شیڈنگ تھا، توانائی بحران کے باعث برآمدات کو نقصان پہنچ رہا تھا لیکن ہم نے 5 سال کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی اورآج ہم لوڈشیدنگ فری ہوچکے ہیں۔ جس طرح بجلی کا بحران حل کیا کراچی میں پانی کا بحران بھی ایسے حل ہونا چاہیے، کراچی کو ٹینکر مافیا سے نجات دلانا ہوگی، تین سال میں شہر کے ہر گھر میں پینے کا صاف پانی ہوگا، 6 ماہ میں شہر میں کوڑے اور غلاظت کے ڈھیر ختم کرنے ہیں، کراچی کو ایشیا کا نہیں بلکہ ساری دنیا کا مثالی شہر ہونا چاہیے۔ کوئی بلند بانگ دعوے کرنے نہیں آیا، کراچی کے کھوئے ہوئے مقام کو واپس دلوانے میں اپنا کردار ادا کرینگے، کراچی کے لیے صوبائی فنڈز پر انحصار نہ کیا جائے، صوبائی حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ ایک بڑا مسئلہ ہے، پبلک ٹرانسپورٹ بھی مہیا کرنا اولین ذمہ داری ہے، جو لاہور میں میٹرو بس بنی پہلے کراچی میں بننی چاہیے تھی، شہر کے پبلک ٹرانسپورٹ، پانی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور انفرا سٹرکچر کو ٹھیک کریں گے کیونکہ اچھے روڈ اور انفرا سٹرکچر نہیں بنائیں گے تو شہر جام ہو جائے گا، یہ ویژن ن لیگ کا کراچی کے لیے ہے۔ کالا باغ ڈیم کھٹائی میں پڑ گیا، کالاباغ ڈیم قومی وحدت کو نقصان پہنچا کر نہیں بنایا جاسکتا، ہمیں کالاباغ ڈیم کے بجائے بھاشا ڈیم کو ترجیح دینا ہوگی، ہم نے 20 سال ضائع کردیئے، یہاں کوئی پوائنٹ سکورننگ نہیں کررہا اس حمام میں سب ننگے ہیں کیونکہ کسی نے کام نہیں کیا، سب بہانے ڈھونڈتے رہے۔ ہمیں بھاشا ڈیم پر توجہ دینا ہوگی، ڈیم کی زمین ڈھونڈی جاچکی ہے اور اس پر 100 ارب کی سرمایہ کردی، پانچ سال میں اس ڈیم کا مکمل ہونا مشکل ہے لیکن اللہ نے موقع دیا تو پانچ سال میں بھاشا ڈیم کو 80 فیصد تک مکمل کردیں گے، اس سے 4 ہزار میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔ شہبازشریف نے بھارت سے معاشی جنگ جیتنے کے عزم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیں عسکری لڑائی میں شکست نہیں دے سکتا لیکن اب ہمیں اس سے معاشی جنگ لڑنا ہے، بھارت سے ٹائٹل واپس لانا ہے۔ بعد ازاں شہبازشریف نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ جب میں نے کہا تھا کہ لاہور کو پیرس بناﺅں گا تو مذاق اڑایا گیا تھا، اب کہتا ہوں کہ کراچی کو ساﺅتھ ایشیا کا پیرس بناﺅں گا اور جو وعدہ کرتا ہوں وہ پورا کرتا ہوں۔ کتاب میں لکھا ہے کہ ہم کسی سے پیچھے نہ رہیں گے، ہم صحیح معنوں میں قائد کا پاکستان بنائیں گے، وعدہ کر رہا ہوں کہ کراچی کو ساﺅتھ ایشیا کا خوبصورت شہر بنائیں گے

Facebook Comments

POST A COMMENT.