بل گیٹس کا وزیراعظم کو خط، پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش

 بل گیٹس فائونڈیشن کے صدر کی عمران سے ملاقات، خط پہنچایا، مائیکرو سافٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرسکتا ہے، پولیو و صحت عامہ کے شعبوں میں کام جاری رکھیں گے :بل گیٹس

وزیراعظم سے سربراہ عالمی ادارہ صحت بھی ملے،کسی کی چوری کا خمیازہ عوام بھگتیں یہ قبول نہیں، عمران توانائی کمیٹی اجلاس میں بجلی لوڈشیڈنگ پر برہم،ایک ہفتے میں گیس کمی پوری کرنیکی ہدایت

عمران کو مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے خط لکھ کر پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم سے سربراہ عالمی ادارہ صحت اورصدر بل گیٹس فائونڈیشن نے ملاقاتیں کیں ۔صدر بل گیٹس فائونڈیشن ڈاکٹرکرسٹوفرایلس نے وزیراعظم کو بل گیٹس کی جانب سے لکھا گیا خط پیش کیا جس میں کہا گیا ہے کہ مائیکرو سافٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرسکتا ہے،فائونڈیشن پاکستان میں پولیو و صحت عامہ کے شعبوں میں کام جاری رکھے گی۔ادھر عمران خان نے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈ روس ایڈہینم گیبری اوسس سے گفتگو میں کہا کہ حکومت نئے پاکستان کیلئے سماجی اور اقتصادی تبدیلی کے ایجنڈے پرعملدرآمد کیلئے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے ڈائریکٹرجنرل اورانکے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی ادارۂ صحت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اورملک کے صحت کے نظام میں عالمی ادارہ صحت کے کردارکا معترف ہے،انسداد پولیو کو پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کے طور پرجاری رکھتے ہوئے وائرس کا ملک سے خاتمہ کیا جائیگا۔

پاکستان میں‌صحت کے شعبے میں امداد جاری رکھیں گے ، صدر بل گیٹس فائونڈیشن

پاکستان میں‌صحت کے شعبے میں امداد جاری رکھیں گے ، صدر بل گیٹس فائونڈیشن

دریں اثناء وزیر اعظم نے کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کیخلاف مہم مزید تیز کی جائے، کسی کی چوری یا بدانتظامی کا خمیازہ عوام بھگتیں یہ قبول نہیں، آئندہ ہفتے تک گیس کی کمی کو پورا کیا جائے ۔سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف مہم کے نتیجے میں نومبر میں ڈیرھ ارب روپے کی بچت ہوئی۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق وزیراعظم لوڈشیڈنگ پر وزرا ء پر برس پڑے اور کہا کہ میں دنیا سے پیسے مانگ رہا ہوں اور آپ اربوں کا نقصان کر رہے ہیں۔ادھر عمران خان سے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری اور منورہ بی بی نے ملاقات کی اوربلوچستان سے متعلقہ ترقیاتی امور، پانی کی فراہمی اور بے روزگاری جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.