ووٹ کی رازداری کیس:الیکشن کمیشن نے عمران خان کی معافی قبول کرلی

الیکشن کمیشن نے تین ایک کے تناسب سے معافی قبول کی، ممبرنے نوٹس واپس لینے کی رائے دی

شخصیات ویب ڈیسک

اسلام آباد،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی معافی قبول کرتے ہوئےاین اے 53 اسلام آباد سے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔جمعے کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضاخان کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف ووٹ کی رازداری پامال کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔اس موقع پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور عمران خان کا بیان حلفی جمع کرائی جس میں چیئرمین تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئےکہا ہے کہ میرے خلاف نوٹس کو ختم کیا جائے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے بیان حلفی جمع کرائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو ایک گھنٹے بعد سنایا گیا۔الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں ووٹ کی رازداری پامال کرنے سے متعلق کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی معافی قبول کرلی اور ازخود نوٹس واپس لے لیا۔الیکشن کمیشن نے تین ایک کے تناسب سے عمران خان کی معافی قبول کی، ممبر سندھ،خیبرپختونخواہ اور بلوچستان نے نوٹس واپس لینے کی رائے دی جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے معافی قبول کرنے کی مخالفت کی۔چیف الیکشن کمشنر نےریمارکس میں کہا کہ ووٹ کی حرمت پامال کرنے کے حوالے سے شواہد ریکارڈ ہونے چاہیے جبکہ فیصلہ کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 53 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.