فریال،منظور وسان، سہیل سیال کیخلاف اقامہ کیس میں دلائل جاری

سندھ ہائیکورٹ کےجسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس آغا فیصل پر مشتمل ڈویژن بینچ نے پیپلز پارٹی کے رہنما فریال تالپور، منظور وسان، سہیل انور سیال اور دیگر کے خلاف دائراقامہ رکھنے سے متعلق دائر کیس کی سماعت یکم فروری تک ملتوی

جے آئی ٹی میں ثابت ہوچکا،فریال تالپور نے اربوں روپے سمٹ بینک کے ذریعے بھیجے،وکیل ،جے آئی ٹی پر بات نہ کریں،فاروق نائیک،کیوں نہ کریں،ہم قانوناً فیصلہ کرینگے،جسٹس مظہر

سندھ ہائیکورٹ کےجسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس آغا فیصل پر مشتمل ڈویژن بینچ نے پیپلز پارٹی کے رہنما فریال تالپور، منظور وسان، سہیل انور سیال اور دیگر کے خلاف دائراقامہ رکھنے سے متعلق دائر کیس کی سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی۔ جمعہ کو فریال تالپور کے خلاف درخواست گزار فنکشنل لیگ کے معظم عباس کے وکیل خواجہ شمس اسلام نے بتایا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں سب ثابت ہوچکا،جے آئی ٹی رپورٹ میں عباس زرداری اور سموں کے بھی نام شامل ہیں،نوڈیرو کے سمٹ بینک کے ذریعے اربوں روپے منتقل ہوئے، عباس زرداری اور سموں فریال تالپور کے ڈرائیور اور خانسامہ ہیں،فریال تالپور نے اربوں روپے ان دونوں کے نام پر دبئی منتقل کیے، فریال تالپور نے سہیل انور سیال کے ساتھ ہزاروں دورے کیے، فریال نے غیر قانونی ٹرانزیکشن کے ذریعے پیسے باہر بھیجے،فریال تالپور نے اپنا اقامہ ظاہر نہیں کیا، فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اپنے دلائل میں کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کو یہاں زیر بحث نہ لایا جائے جو دستاویزات درخواست کے ساتھ منسلک کی گئی تھیں، صرف ان پر بات کی جائے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ پر کیوں بات نہیں کرسکتے، ہم قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے،انہوں نے وکیل خواجہ شمس الاسلام کو دلائل جاری رکھنے کا حکم دیا جس پر وکیل نے بتایا کہ زیادہ تر غیر قانونی رقم سمٹ بینک کے ذریعے منتقل کی گئی، سمٹ بنک سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی ملکیت ہے، فریال تالپور نے دبئی میں بیٹی کے نام پر کمپنی بنائی، کمپنی اثاثوں میں ظاہر نہیں کی فریال تالپور کا کیس جہانگیر ترین اور شکیل اعوان سے الگ نہیں۔ عدالت نے سماعت یکم فروری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر دلائل جاری رکھنے کا حکم دیا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.